چنئی10؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کیرالہ کے گورنر پی سداشیوم اور وزیر اعلی پنرائی وجین سمیت کئی اہم ہستیاں آج تمل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للتا کو دیکھنے یہاں کے اپالو ہسپتال پہنچیں۔اس درمیان جے للتا کی پارٹی انا ڈی ایم کے نے ٹویٹ کیا کہ ’’پروچی تلیوی اماں‘‘(انقلابی رہنمااماں )کے ساتھ سب کچھ ٹھیک ہے۔ادھر تمل ناڈو کانگریس نے کہا کہ وہ جے للتا کے ہسپتال سے باہر آنے تک قائم مقام وزیراعلیٰ یا نائب وزیراعلیٰ کو مقرر کرنے کے معاملے پر ریاستی حکومت کو مشورہ نہیں دینا چاہتی کیونکہ اس طرح کے معاملات پرفیصلہ کرنے کا حق انا ڈی ایم کے کو ہے۔بہر حال کانگریس نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی انتظامیہ آسانی سے چلنی چاہئے۔وجین گورنر سداشوم کے ساتھ ہسپتال پہنچے اور اوپولو ہسپتال سی ایم ڈی پرتاپ ریڈی کے ساتھ بات چیت کی۔سداشیوم نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ہم نے ڈاکٹر پرتاپ ریڈی اور دوسرے ڈاکٹروں سے ملاقات کی۔ماہرین نے ہمیں مطلع کیا کہ ان پر علاج کا اچھی طرح اثر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں کے اندر اندر ان کو ہسپتال سے چھٹی مل جائے گی اور انتظامیہ کی ذمہ داری جلد سنبھالنے کا امکان ہے،ہم ان کے جلد صحت مند ہونے کی خواہش کرتے ہیں۔وجین نے کہا کہ وہ یہاں کیرالہ کی عوام کی جانب سے اپنا سلام پیش کرنے آئے ہیں۔پنڈچیری کی لیفٹیننٹ گورنر کرن بیدی بھی ہسپتال پہنچی اور کہا کہ ان کو ریڈی نے مطلع کیا کہ جے للتا کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔کرن بیدی نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ اماں کی اچھی دیکھ بھال ہو رہی ہے اور ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے،میں دعا کرتی ہوں کہ ان کی صحت بہتر ہوتی رہے،میں پڑوسی کے طور پر احترام کی وجہ سے میں یہاں آئی ہوں کیونکہ پنڈوچیری تمل ناڈو کی پڑوسی ریاست ہے اور یہاں ہونا میرا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ پنڈوچیری ہوائی اڈے کی توسیع کے لئے زمین پر زوردینے کو لے کر وہ جے للتا سے ملنا چاہتی تھیں اور امید ہے کہ ان سے جلد ملاقات ہوگی۔